ایک کامیاب شخص جو ایک بڑے شہر کے ایک بڑے ادارے میں ایک اونچے عہدے پر فائز تھا، ایک دور دراز مقام پر کچھ دن چھٹیاں گزرانے گیا۔ اس چھوٹے سے قصبے میں ایک دن اس نے دیکھا کہ ایک شخص اپنے چھوٹے سے گھر کے باہر دن کے وقت بیٹھا اونگھ رہا ہے۔ یہ اسے بہت عجیب لگا۔ اس نے اس اونگھتے ہوئے شخص سے جا کر کہا،“میاں تم شہر جا کر کوئی نوکری کیوں نہیں کرتے؟”

اونگھتے شخص نے ایک آنکھ کھول کر پوچھا،“کیوں؟”

کامیاب شخص بولا،“اس لیے کہ آج کل شہر میں اچھے پیسے بن جاتے ہیں۔ تم خاصی رقم کما لو گے”۔

بیٹھا ہوا شخص پھر بولا،“کیوں؟”

پہلے شخص نے اسے سمجھایا،“ دیکھو اگر تم وہاں اچھی رقم کمانا شروع کر دو گے تو کچھ عرصے میں اس قابل بھی ہو جاو گے کہ ایک مناسب رقم پس انداز کر سکو۔ یہ جمع شدہ رقم آہستہ آہستہ اتنی ہو جائے گی کہ تم اسے کسی مناسب جگہ انویسٹ کر سکو گے۔اس سے کچھ سالوں میں تمہاری آمدن کا ایسا سلسلہ بن جائے گا کہ جب تم ریٹائر ہو جاو گے تو تم کو کام کرنے کی ضرورت نہ ہو گی۔”

اس پر اونگھتے ہوئے شخص نے دونوں آنکھیں کھول لیں اور بولا،“ کام تو میں اب بھی نہیں کر رہا”

آپ کے خیال میں ان دونوں میں سے کس شخص کی سوچ درست تھی؟